اہل البیت نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق رہبرانقلاب اسلامی نے ہفتۂ معلم کی مناسبت سے آج تہران میں ہزاروں اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: ملت ایران کے خلاف بڑی طاقتوں اور بدخواہوں کی دشمنی اور اس ملک کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی غرض سے ان کی طرف سے ہونے والے سازشیں گذشتہ تیس برسوں کی مانند غیر متوقع نہیں ہیں۔ آپ نےفرمایا کہ ملت ایران کے ماضی سے معلوم ہوتا ہے کہ دھمکیوں اور مخالفتوں سے ترقی کی رفتار سست نہیں ہوسکتی اور ملت ایران پوری قوت سے اپنے راستے پر گامزن رہے گي۔ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے دنیا کی موجودہ صورت حال کو اخلاقی لحاظ سے نہایت ابتر قرار دیا اور فرمایا: اگر ملت ایران اپنی حقیقی پوزیش حاصل کرلے تو عالم اسلام کی تقدیر بھی بدل جائے گي اور دنیا کی تقدیر نیز موجودہ صورتحال بھی تبدیل ہوکر رہے گي۔ رہبر انقلاب اسلامی نے تخلیقی صلاحیتیں رکھنے والے مفکر، دیندار، جدت پسند اور خود اعتماد افراد کی تربیت اور انہيں منظر عام پر لانے میں اساتذہ کے اہم اور بنیادی کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ملت ایران کو ترقی وپیشرفت کے اس مرتبے پر فائز ہونا چاہئے کہ اقوام عالم کے مفکرین فکری، علمی و سائنسی اور مختلف سماجی اور سیاسی شعبوں میں اپنے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں اس ملت پر پر بھروسہ کرسکیں؛ کیونکہ یہ ملت ایران کی تاریخي ذمہ داری ہے۔رہبر انقلاب اسلامی نے یوم معلم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے شہید مرتضی مطہری کو خراج عقیدت پیش کیا اور فرمایا: شہید مطہری ایک معلم کامل اور انتہائي فرض شناس انسان تھے اور اس مرد بزرگ نے کھوکھلے مفاہیم کو دینی رنگ میں رنگ کر پیش کرنے والے دینی منورالفکری کے بعض دعویداروں کے برعکس دینی مفاہیم کو حقیقی معنی میں عوام کی ضروریات کے مطابق عصری تقاضوں کے سانچے میں ڈھال کر پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
/110
بشکریہ از ریڈیو تہران